راولپنڈی: (دنیا نیوز) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جیلوں میں موجود بیگناہ لوگوں کو عام معافی دلانا میری زندگی کا مشن ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں شیخ رشید نے لکھا کہ میں ساری قوم کا مشکور ہوں جن کی دعاؤں سے چلے کے بعد مجھے رہائی نصیب ہوئی، نہیں معلوم میں نے چلہ کس جگہ پر کاٹا لیکن اس دوران مجھے کسی قسم کی کوئی تکلیف نہیں پہنچائی گئی۔
انہوں نے کہا کہ اب میری زندگی کا مشن ان تمام لوگوں کو جو روپوش ہیں یا چھپے ہوئے ہیں یا جن سے 9 مئی کی غلطی سرزد ہوگئی ہے یا جو بے گناہ جیلوں میں ہیں ان کو عام معافی دلانا ہے۔
میں ساری قوم کا، اپنی ماؤں بہنوں بیٹیوں کا مشکور ہوں جن کی دعاؤں سے کم و بیش 40 روزہ چلے کے بعد مجھے رہائی نصیب ہوئی۔ مجھے نہیں معلوم کہ میں نے یہ چلہ کس جگہ پر کاٹا ہے لیکن مجھے چلے کے دوران کسی بھی قسم کی کوئی تکلیف نہیں پہنچائی گئی۔ اب میری زندگی کا مشن ان تمام لوگوں کو جو…
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) October 22, 2023
سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ آج میں پہلی مرتبہ اپیل کر رہا ہوں کہ 9 مئی کی غلطی جن لوگوں سے سرزد ہوئی ہے اُن کی عام معافی کی اپیل کے مشن پر میرا ساتھ دیں، کل سے میں اس مشن کا آغاز کر رہا ہوں۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ قوم کی دعاؤں کی ضرورت ہے، انشاء اللہ کامیابی ہمارا مقدر بنے گی اور اللہ ہمیں ماؤں، بہنوں، بیٹیوں کی دعاؤں کے صدقے اس مشن میں ضرور سرخرو کرے گا۔