لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیورو سائنسز (پنز) کا دورہ کیا اور ٹریفک حادثے میں زخمی فوٹوگرافر عثمان زبیری اور ڈرائیورآفتاب گل کی عیادت کی۔
محسن نقوی نے فوٹوگرافر اور ڈرائیور کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی، اس موقع پر زخمیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ آپ دونوں محفوظ رہے۔
اس موقع پر نگران صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، سیکرٹری صحت، سیکرٹری تعمیرات، پرنسپل جنرل ہسپتال و دیگرعملہ بھی موجود تھا۔
یاد رہے نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے فوٹوگرافر عثمان اور ڈرائیور آفتاب گل 3 روز قبل پیرمحل کے قریب ٹریفک حادثے کا شکار ہوئے تھے۔
بعد ازاں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اکبر چوک فلائی اوورز پراجیکٹ کا دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا، محسن نقوی نے اکبر چوک فلائی اوورز پراجیکٹ کو جلداز جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ جنرل ہسپتال میں کام کو 5 مختلف فیز میں تقسیم کیا ہے، جنرل ہسپتال کی بلڈنگ کے مختلف حصوں کا کام شروع ہوا ہے، اس وقت پنجاب میں 100 ہسپتالوں میں کام شروع ہوچکا ہے، ہمیں امید ہے 31 جنوری تک ہسپتالوں کا کام مکمل ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے چلڈرن ہسپتال ملتان کی ایمرجنسی کا کام بھی مکمل ہوجائے گا، 750تھانوں کی ری ویمپنگ کا کام بھی شروع کریں گے، راوی پل پراس وقت ایل ڈی اے کی پوری ٹیم لگی ہوئی ہے، لاہور کے ہر طرح کے علاقے میں کام چل رہا ہے، ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جارہی ہے، میں اکیلا نہیں ہر وزیر اپنے اپنے طور پر کام کررہا ہے، ماضی میں بھی کام ہوئے ہیں، میں انکے بارے میں کچھ نہیں کہوں گا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی جب زمان پارک میں تھے تو ان کو بھی پوری سکیورٹی مل رہی تھی، زمان پارک میں پولیس کے 250 اہلکار ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دے رہے تھے، ایسا نہیں کہ صرف میاں صاحب کو سکیورٹی مل رہی ہے، تمام کو دی گئی ہے۔
اساتذہ کے احتجاج کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سکول بند کردو اور کسی کو پڑھنے نہیں دینا ایسا نہیں چلے گا، اساتذہ کو احتجاج کا پورا حق ہے لیکن کوئی سکول پرائیویٹائزڈ نہیں ہو رہا، سکولوں کی پرائیویٹائزیشن کا دور دور تک نام و نشان تک نہیں۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ ورکنگ جرنلسٹ کیلئے کوئی نہ کوئی چیز اچھی کرکے جاؤں گا، جلسوں کے لئے اگر کوئی کریمنل ریکارڈ کا بندہ کنونشن کرانے کی اجازت مانگے گا تو اسے نہیں ملے گی، کوئی بھی پارٹی ایسے بندے کو آگے کرے جو ریکارڈ فری ہو۔