بیجنگ: (دنیا نیوز) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی وفد کے ہمراہ چار روزہ دورے پر بیجنگ پہنچ گئے۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے ساتھ وفد میں سینیٹرز فیصل سلیم رحمان، دلاور خان، رانا محمودالحسن اور عبدالقادر شامل ہیں، چین میں پاکستانی سفیر نے چیئرمین سینیٹ کا ایئرپورٹ پر استقبال کیا، چیئرمین سینیٹ کی چین کی قومی کمیٹی برائے عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس کے چیئرمین وانگ ہننگ سے ملاقات ہوئی۔
چیئرمین سینیٹ اپنے دورے کے دوران اہم ملاقاتیں کریں گے، چیئرمین سینیٹ چینی وزیرخارجہ کی خصوصی دعوت پر وفد کے ہمراہ چین کا دورہ کر رہے ہیں، صادق سنجرانی چین کی دوستانہ سفارتکاری کے عنوان سے سمپوزیم میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے اور خطاب بھی کریں گے۔
چین کے 74 ویں یوم تاسیس کے موقع پر چیئرمین سینیٹ نے چین کی عوام اور حکومت کو مبارکباد پیش کی، صادق سنجرانی نے کہا کہ چین کے پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات فخر کا باعث ہیں، چین نے ہمیشہ مشکل کی گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، سمپوزیم میں غوروخوص اور بحث و مباحثے کے نتیجے میں مؤثر سفارشات سامنے آئیں گی۔