پشاور: (دنیا نیوز) پشاور ہائی کورٹ نے خیبر پختونخوا میں سینیٹ انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔
پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس وقار احمد نے سینیٹ الیکشن سے متعلق کیس کی سماعت کی۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ 2 اپریل کو دیگر صوبوں میں سینیٹ انتخابات ہوئے لیکن کے پی میں نہیں ہوئے، مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا، ہمیں سینیٹ الیکشن کے لیے تاریخ دی جائے۔
درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر الیکشن کمیشن عمل درآمد نہیں کرنا چاہتا، جس پر الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلہ اب تک متنازع ہے، عدالت نے سپیکر کو حکم دیا کہ مخصوص نشستوں پر حلف لیں لیکن سپیکر نے نہیں لیا، کے پی میں الیکٹرول نمبر پورا نہیں تو کیسے تاریخ دیں؟
چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم نے استفسار کیا کہ اس وقت اسمبلی اراکین کی تعداد کتنی ہے؟ درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ اسمبلی میں 115 اراکین الیکشن جیت کر آئے جبکہ21 مخصوص نشستیں نہیں دی جا رہیں۔
بعدازاں پشاور ہائی کورٹ نے خیبر پختونخوا میں سینیٹ انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔