اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیب ترامیم کیس میں جسٹس منصور علی شاہ کا اختلافی نوٹ جاری کر دیا گیا۔
جسٹس منصور علی شاہ کا اختلافی نوٹ 27 صفحات پر مشتمل ہے۔
اختلافی نوٹ میں جسٹس منصور علی شاہ نے لکھا کہ عدلیہ قانون سازی کا جائزہ تب لے سکتی ہے جب وہ بنیادی انسانی حقوق سے متصادم ہو لیکن قانون سازوں کے مفاد کو سامنے رکھ کر قانون سازی جانچنا پارلیمنٹ اور جمہوریت کو نیچا دکھانے کے مترادف ہے۔
نوٹ میں جسٹس منصور نے لکھا کہ ہر ادارے کو دوسرے کا احترام کرنا چاہیے، جمہوریت کی بقاء کیلئے باہمی برداشت اور تحمل لازم ہے، عوامی ووٹوں سے منتخب پارلیمنٹ نے نیب قانون میں ترامیم کیں، چیئرمین پی ٹی آئی نے نیب ترامیم کی مخالفت یا حمایت کے بجائے اسے عدالت میں چیلنج کر دیا۔
اختلافی نوٹ میں جسٹس منصور نے لکھا کہ سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس اعجاز الاحسن کے نیب ترامیم کالعدم قرار دینے سے فیصلے سے متفق نہیں کیونکہ نیب ترامیم سے بنیادی حقوق متاثر نہیں ہوئے اور اکثریتی فیصلہ پبلک سرونٹ کی درست تعریف کرنے میں ناکام رہا، تعزیرات پاکستان کے تحت بھی پبلک آفس ہولڈر کے خلاف کارروائی ممکن ہے کیونکہ تعزیرات پاکستان کے تحت پبلک آفس ہولڈر پبلک سرونٹ ہیں۔
جسٹس منصور نے لکھا کہ اکثریتی فیصلے میں وجہ نہیں بتائی گئی نیب ترامیم کیسے بنیادی حقوق سے متصادم ہیں، طویل سماعت کے دوران بار بار سوال پوچھا جاتا رہا نیب ترامیم بنیادی حقوق سے کیسے متصادم ہیں، عدالت کے اس سوال کا جواب چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل دینے میں ناکام رہے۔
نوٹ میں جسٹس منصور نے لکھا کہ اداروں کے درمیان توازن اسی صورت قائم رہ سکتا ہے جب اداروں کا باہمی تعلق قائم ہو، پارلیمانی نظام حکومت میں عدلیہ کو ایگزیکٹو یا مقننہ کے مخالف کے طور پر نہیں دیکھا جاتا، پارلیمنٹ نے جو کیا وہ پارلیمنٹ ہی ختم کر سکتا ہے اور پارلیمنٹ قانون میں تبدیلی کے ساتھ ساتھ قانون ختم بھی کر سکتا ہے، پارلیمنٹ کو یہ اختیار بھی حاصل ہے کہ وہ پورا نیب قانون ہی ختم کر دے۔