لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت پنجاب کی نگران کابینہ کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں وزیر اعلیٰ محسن رضا نقوی، نگران کابینہ کے ارکان اور پنجاب حکومت کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران پنجاب کی صوبائی حکومت کے اقدامات، بین الصوبائی سرحدوں پر نفاذ قانون کی صورتحال، مواصلاتی نظام کے حوالے سے لیے گئے اقدامات، صحت کے شعبے میں اقدامات، صوبے میں نرسوں کی تعداد دگنی کرنے اور بیرون ملک ملازمت کیلئے 3 دن میں این او سی کے اجراء کی پالیسی، لاہور رنگ روڈ، گوجرانوالہ، لاہور سیالکوٹ موٹروے اور شاہدرہ پل منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: انتخابات کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کرے گا، یہ میرا مینڈیٹ نہیں: نگران وزیراعظم
وزیراعظم کو دیہات میں ترقیاتی اقدامات اور مذہبی سیاحت کے فروغ سمیت دیگر اقدامات کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ پنجاب حکومت اب تک وراثت میں ملا 629 ارب روپے کا قرضہ اتار چکی ہے، زرعی شعبے میں 76 ارب روپے کے اضافی فنڈز مختص کیے ہیں، لاہور میں سموگ کے پھیلاؤ کی سب سے بڑی وجہ بھارتی پنجاب میں فصلوں کی کاشت کے بعد باقیات کو نذر آتش کرنا ہے۔
نگران وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر قیادت حکومت کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ کچے کے علاقوں میں کامیاب کارروائیوں پر حکومت کی کاکردگی، مواصلاتی نظام میں بہتری کی کوششیں خصوصاً لاہور میں ماحول دوست پلاسٹک روڈ کی تعمیر کے منصوبے جیسے اقدامات اور خصوصی بچوں کیلئے تعلیمی ادارے تعمیر کرنا قابل ستائش ہے۔
انوار الحق کاکڑ نے ماحولیاتی آلودگی کے سدباب کیلئے بھارت سے سفارتی سطح پر معاملہ اٹھانے کی یقین دہانی کروائی، اس کے علاوہ نگران وزیر اعظم نے انصاف کی فراہمی، غیر جانبدار اور یقینی بنانے کیلئے مقامی پولیس افسران کی تقرری پالیسی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔