لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چلڈرن ہسپتال اور گنگارام ہسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بیڈز، فرنیچر اور دیگر اشیا باہر رکھی دیکھ کر برہمی کا اظہار کیا۔
دورے کے دوران نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے دونوں ہسپتالوں میں اپ گریڈیشن کے کاموں کا جائزہ لیا، محسن نقوی نے تعمیراتی کام کے دوران بیڈز، آلات، فرنیچر اور دیگر اشیا باہر پڑی دیکھ کر انتظامیہ کی سرزنش کی۔
انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کام کے دوران اشیا کی حفاظت کیلئے کوئی انتظام نہ کرنا غفلت ہے، کئی روز سے کام جاری ہونے کے باوجود اتاری گئی اشیا کو محفوظ نہ کرنے کا کوئی جواز نہیں، اتاری گئی اشیا کا ریکارڈ مرتب کیا جائے اور مناسب جگہ پر محفوظ رکھی جائیں۔
نگران وزیر اعلیٰ نے چلڈرن ہسپتال کے ایمرجنسی بلاک اور او پی ڈی بلاک کی اپ گریڈیشن کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ بھی کیا، جاری کاموں کا جائزہ لینے کیلئے وہ ہر فلور پر گئے، ماڈل روم کا معائنہ کیا اور ڈینٹل بلاک کے ڈیزائن پر نظر ثانی کی ہدایت کی۔
محسن نقوی نے ایمرجنسی بلاک میں بیڈز کی تعداد میں اضافے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اپ گریڈیشن کے کام کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔
اس موقع پر نگران وزیراعلیٰ کو اپ گریڈیشن کے کام پرہونیوالی پیش رفت کے بارے میں بریف کیا گیا۔
چلڈرن ہسپتال کے بعد نگران وزیراعلیٰ گنگا رام ہسپتال پہنچے جہاں انہوں نے ان ڈور بلاک میں اپ گریڈیشن کے کام کا معائنہ کیا، وزیراعلیٰ نے مزدوروں سے مصافحہ کیا اور انہیں محنت سے کام کرنے کی تلقین کی، انہوں نے سیکرٹری تعمیرات و مواصلات کو اپ گریڈیشن کے کام جلد مکمل کرنے کیلئے ہدایات دیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ تین شفٹ میں کام کرکے منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے، معیاری گیس اور الیکٹریکل وائرنگ کو یقینی بنایا جائے۔