لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہور پرائم سی بی ڈی پنجاب قائد ڈسٹرکٹ پراجیکٹ کا دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے سی بی ڈی پنجاب قائد ڈسٹرکٹ سے والٹن روڈ تک تعمیر ہونے والی سڑک کا معائنہ کیا، پراجیکٹ پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا اور والٹن ریلوے ٹریک پر اوورہیڈ برج پراجیکٹ کا تعمیراتی کام جلد از جلد شروع کرنے کی ہدایت کی، محسن نقوی نے پل کی سائٹ تک جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا مشاہدہ بھی کیا۔
محسن نقوی نے والٹن اوورہیڈ برج پراجیکٹ کو فاسٹ ٹریک پر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
یہ بھی پڑھیں:محسن نقوی رات گئے اچانک اوکاڑہ پہنچ گئے، ڈی ایچ کیو ہسپتال کا معائنہ
اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر سی بی ڈی پنجاب عمران امین نے قائد ڈسٹرکٹ پراجیکٹ پر ہونے والی پیش رفت بارے وزیراعلیٰ پنجاب کو بریف کیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور پرائم سی بی ڈی پنجاب قائد ڈسٹرکٹ کے انفراسٹرکچر کا کام رواں ماہ میں مکمل ہو جائے گا، منصوبے کے انفراسٹرکچر میں روڈ ورک، سیوریج، پانی، بجلی اور مواصلات کا نظام شامل ہے، پراجیکٹ میں گرین ایریا کے لئے یکساں جگہ دی گئی ہے۔
دوران بریفنگ مزید بتایا گیا کہ سی بی ڈی پنجاب قائد ڈسٹرکٹ تا والٹن روڈکی کل لمبائی 4.2 کلومیٹر ہے اور اس میں بلیو روڈ ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے، سی بی ڈی پنجاب قائد ڈسٹرکٹ تا والٹن روڈ سگنل فری کوریڈور ہوگا جس میں تین لینز اور ایک فلائی اوور شامل ہے، پراجیکٹ سب بیس مکمل ہوگئی ہے جبکہ والٹن فلائی اوور کا پائل لوڈ ٹیسٹ بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:پولیو کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا: محسن نقوی
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ لاہور کی ترقی کو نئی سمت دے گا، سینٹر پوائنٹ کو والٹن روڈ سے منسلک کرنے سے فاصلہ تین منٹ میں طے ہوگا، سی بی ڈی کا پورا پراجیکٹ مکمل ہونے سے اربوں روپے کی سرمایہ کاری آئے گی۔
صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، سیکرٹری ہاؤسنگ، سیکرٹری اطلاعات، سی سی پی او، این ایل سی کے حکام، ڈپٹی کمشنر، چیف ایگزیکٹو آفیسر سی بی ڈی، چیف آپریٹنگ آفیسر سی بی ڈی بریگیڈیئر (ر) منصور اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔