راولپنڈی: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ پر کام کی رفتار تیز کرنے کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے رات گئے راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ کا دورہ کیا، منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے کمشنر راولپنڈی اور ایف ڈبلیو او کے حکام کو ضروری ہدایات دیں۔
محسن نقوی نے خالصہ خورد اڈیالہ انٹرچینج کی سائٹ کا بھی معائنہ کیا اور پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ نے راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ پر کام کی رفتار تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اضافی ورک فورس لگا کر کام کی رفتار تیز کی جائے، نیسپاک کو پراجیکٹ سے متعلق ڈرائنگ کا کام جلد فراہم کیا جائے، ارتھ ورک سلو ہے اسے تیز کیا جائے اور ڈمپرز کی تعداد بڑھائی جائے۔
محسن نقوی نے کمشنر راولپنڈی کو پراجیکٹ کا باقاعدگی سے وزٹ کر کے رپورٹ بھجوانے کی ہدایت کی اور کہا کہ راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ کو خود مانیٹر کروں گا۔
بعدازاں محسن نقوی ایف ڈبلیو او کے کیمپ آفس پہنچے جہاں کرنل ندیم نے ارتھ ورک کے کام کے بارے میں بریفنگ دی اور وزیر اعلی کو پراجیکٹ سے متعلقہ دیگر امور سے بھی آگاہ کیا گیا۔