لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بند روڈ کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی علی الصبح بند روڈ پہنچے، انہوں نے نیازی چوک تا بابو صابو بننے والے میگا پراجیکٹ کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔
محسن نقوی نے سائٹ پر جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا، کمشنر لاہور ڈویژن و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا، چیف انجینئر ایل ڈی اے اور کنٹریکٹر نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو پراجیکٹ پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔
دوران بریفنگ نگران وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ 7.3 کلومیٹر طویل کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور بند روڈ پراجیکٹ کی تعمیر 4 ماہ میں مکمل کرنے کیلئے دن رات کام ہو رہا ہے، پیکیج ون میں نیازی تا سگیاں انٹرچینج اور پیکیج ٹو میں سگیاں انٹرچینج تا بابو صابو انٹرچینج کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور تعمیر کیا جا رہا ہے، پیکیج ون کی لمبائی 3.65 کلومیٹر جبکہ پیکیج ٹو کی لمبائی 3.65 کلومیٹر ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ تعمیراتی کاموں کے دوران بند روڈ پر ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں، سی ٹی او خود مانیٹر کریں اور مزید وارڈنز کو تعینات کیا جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے بند روڈ کے درمیان سٹریٹ لائٹس اور پولز فوری طور پر شفٹ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سٹریٹ لائٹس کے پول اتار کر کسی اور جگہ استعمال میں لائے جائیں، بند روڈ پراجیکٹ کی تکمیل سے لاہور کے کسی بھی علاقے سے موٹر وے تک فوری رسائی ممکن ہوگی، کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور کی وجہ سے وقت اور ایندھن کی مد میں کروڑوں روپے کی بچت ہوگی۔
صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ افتخار سہو، سی ٹی او اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔