لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مختلف ہسپتالوں کے دورے کے دوران گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال شاہدرہ میں مریضوں کی شکایات پر میڈیکل آفیسر کو ڈانٹ پلا دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے رات گئے گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال شاہدرہ کے مختلف وارڈز کا دورہ کیا، مریضوں کی عیادت کی اور طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔
ہسپتال کی فارمیسی میں رائزک انجکشن کے سٹاک کی موجود گی کے باوجود عدم فراہمی اور انجکشن باہر سے خریدنے کے حوالے سے مریضوں نے شکایات کے انبار لگا دیئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب فارمیسی میں گئے تو رائزک انجکشن کا سٹاک موجود تھا، محسن نقوی نے صورتحال دیکھ کر شدید برہمی کا اظہار کیا اور سینئر میڈیکل افسر کی سرزنش کر دی اور انجکشن باہر سے خریدنے والے مریضوں کے پیسے فوری طور پر واپس کرنے کا حکم دیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ فارمیسی میں سٹاک ہونے کے باوجود انجکشن باہر سے منگوانے کا کوئی جواز نہیں بنتا، غریب مریض پیسے خرچ کر باہر سے انجکشن منگوائے اور ہسپتال کی فارمیسی میں انجکشن بھی موجود ہو تو کیا یہ مینجمنٹ ہے، آئندہ ایسی شکایت ملی تو سخت کارروائی ہوگی۔
بعد ازاں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے میوہسپتال کا دورہ کیا اور زیر تعمیر ایمرجنسی بلاک کی اپ گریڈیشن کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا، انہوں نے ایمرجنسی بلاک کے گراؤنڈ، فرسٹ، سیکنڈ، تھرڈ اور فورتھ فلور کا معائنہ کیا اور ہر فلور پر تعمیراتی کام کی رفتار کا مشاہدہ کیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے نئے تیار کردہ نرسنگ کاونٹر، وارڈ، ڈاکٹر روم اور واش رومز کا بھی معائنہ کیا، وارڈ میں نئے سیلنگ فین لگانے کے کام پر محکمہ تعمیرات و مواصلات کے حکام کو شاباش دی اور تعمیراتی کاموں کے اعلیٰ معیار کو سراہا، انہوں نے ایمرجنسی بلاک کی اپ گریڈیشن کے کام کو جلد مکمل کرنے اور چھتوں میں موجود سیم کے مستقل خاتمے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ 200 بستروں کا سٹیٹ آف دی آرٹ ایمرجنسی بلاک بنایا جا رہا ہے۔
سیکرٹری تعمیرات ومواصلات نے ایمرجنسی بلاک کی اپ گریڈیشن کے تعمیراتی کاموں کے بارے میں وزیراعلیٰ کو بریف کیا، صوبائی وزراء ڈاکٹر جاوید اکرم، عامر میر، ابراہیم حسن مراد، سیکرٹری صحت، کمشنر لاہور اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔