لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے 25 دسمبر تک گوجرانوالہ موٹروے لنک روڈ کو ٹریفک کیلئے کھولنے کی حتمی ڈیڈ لائن دے دی۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے گوجرانوالہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے لاہور، سیالکوٹ موٹروے کے ساتھ گوجرانوالہ کو لنک کرنے کیلئے زیر تعمیر دو رویہ سڑک کا معائنہ کیا۔
انہوں نے تعمیراتی سرگرمیوں کو تیز کرنے اور دو رویہ سڑک کی جلد تکمیل کیلئے ایف ڈبلیو او کے حکام کو ہدایات دیں۔
نگران وزیراعلیٰ نے 15.2 کلومیٹر بے نظیر چوک سے واہنڈو تک پورے روٹ کا فضائی معائنہ بھی کیا اور روٹ پر جاری ترقیاتی کاموں کا مشاہدہ کیا۔
بعدازاں نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت ایف ڈبلیو او کے کیمپ آفس میں اجلاس ہوا جس میں ایف ڈبلیو او حکام نے منصوبہ پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں وزیراعلیٰ پنجاب کو بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ 15.2 کلومیٹر طویل روڈ کی تعمیر کے منصوبے پر 57 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے، بے نظیر چوک سے واہنڈو انٹر چینج تک زیر تعمیر روڈ پر 80 فیصد ارتھ ورک مکمل کر لیا گیا ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ 25 دسمبر تک منصوبے کی تکمیل ہو جائے گی، منصوبے کی تکمیل سے گوجرانوالہ سے لاہور کا فاصلہ 45 منٹ سے کم رہ جائے گا۔