لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی دن بہ دن خراب ہوتی صورتحال پر دنیا کی خاموشی کا کوئی جواز نہیں۔
مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی جارحیت کے خلاف یوم سیاہ کے موقع پر نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ایک پیغام میں کہا کہ بھارتی بربریت برداشت کرنے والے کشمیری بھائیوں کو سلام اور شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، لاکھوں بھارتی فوجیوں نے کشمیریوں کو حراست میں لے رکھا ہے اور بیگناہ کشمیری اپنے ہی گھروں میں قید ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ غیر انسانی محاصرے، کشمیریوں پر جبروتشدد سے آر ایس ایس کی مکروہ سوچ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکی ہے، کشمیریوں کا جذبہ ان کو آزادی دلوا کر رہے گا کیونکہ یہ انکا بنیادی حق ہے، بین الاقوامی میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیمیں کشمیریوں کے لیے اپنی آواز بلند کریں۔
محسن نقوی نے مزید کہا کشمیریوں نے ثابت کر دیا ہے کہ بھارت وحشیانہ طاقت کے استعمال سے ان کی تحریک کو دبا نہیں سکتا، پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، آج کے دن کشمیری عوام کو باورکرانا ہے کہ وہ اپنی جدوجہد میں تنہا نہیں بلکہ پاکستانی قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔