اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سائفر کیس میں وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کی ٹرائل سے متعلق دستاویزات فراہمی کیلئے درخواست پر سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے شاہ محمود قریشی کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے وکیل علی بخاری ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ آپ کی ضمانت کی درخواست پر ہم نے نوٹس کر دیئے تھے، آپ کی اس درخواست پر آفس کے اعتراضات ہیں، ایف آئی آر اور چالان کی مصدقہ کاپیاں لف نہیں کی گئیں۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر فیصلے میں لکھا ہے کہ ملزم کا کوئی حق بلڈوز نہ کیا جائے، میں نے سب کیلئے یہی کہا ہے کہ کسی قاعدے قانون کے تحت ہی ٹرائل میں جانا ہے، آپ کی درخواست پر اعتراضات دور کر رہے ہیں۔
درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ اس درخواست کو ضمانت کی درخواست کے ساتھ سماعت کیلئے رکھ لیں۔
بعدازاں عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک کیلئے ملتوی کر دی۔