اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ ہمارے پائلٹس نے 2 اسرائیلی جنگوں میں حصہ لیا اور جہاز گرائے، حماس فلسطینیوں کی حمایت یافتہ ایک سیاسی تنظیم ہے۔
سینیٹ اجلاس سے خطاب میں سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ پاکستان کو 3 وجوہات پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، ایک یہ کہ 7 اکتوبر کے واقعہ کا مقصد کیا تھا، دوسری یہ کہ حماس سیاسی تنظیم ہے جس کو فلسطینی عوام کی حمایت حاصل ہے اور تیسری وجہ یہ کہ اسرائیل جنگی جرائم میں ملوث ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات غزہ کے ہسپتال پر حملہ کیا گیا، امریکہ، برطانیہ اور یورپ انسانی حقوق کی بات کرتے ہیں، تینوں ممالک نے اسرائیل کی حمایت کی اور سیز فائر کے مخالفت کی، ہمیں واضح ہونا چاہیے کہ اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا جائے گا۔
مشاہد حسین سید نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کے مسائل ایک دوسرے سے منسلک ہیں، مغربی پارلیمنٹس میں ان معاملات کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، اردوان نے بہت واضح مؤقف اختیار کیا ہے، مغرب میں فلسطین کی حمایت پر لوگوں کو نوکریوں سے نکالا جا رہا ہے۔