سنتے تھے سسٹم چیزیں ٹھیک کرتا ہے، یہاں تو سب برباد کر دیا: نہال ہاشمی

Published On 29 October,2023 05:49 pm

کراچی: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ سنتے تھے سسٹم چیزیں ٹھیک کرتا ہے لیکن یہاں تو سب برباد کر دیا گیا۔

اپنے ایک بیان میں ن لیگی رہنما نہال ہاشمی نے کہا کہ لوگ کہتے تھے کراچی میں کوئی نواز شریف کا نام لینے والا نہیں، کراچی کے عوام نے سب کو آئینہ دکھا دیا، ٹرین پر ٹرین بھر کر لاہور جا رہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اگر 2018ء کے الیکشن میں دھاندلی نہ کی گئی ہوتی تو کراچی سے صوبائی اور قومی اسمبلی کیلئے نمائندگی ملتی، گزشتہ الیکشن میں کراچی سے ن لیگ کو ساڑھے 4 لاکھ ووٹ ملا تھا، دھاندلی کے ذریعے ہمیں نمائندگی کے حق سے محروم کیا گیا۔

نہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ سیلاب میں شہباز شریف سندھ میں کئی بار آئے، سندھ میں کوئی بھی حادثہ ہوا تو ہماری حکومت بھولی نہیں، ن لیگ کے دور میں سیٹیں فروخت نہیں ہوتیں، آئندہ انتخاب میں سندھ بہت ہی فعال کردار ادا کرے گا۔