کوئٹہ: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان نے تخریب کاری کی روک تھام کیلئے پیشگی منصوبہ بندی کا حکم دے دیا۔
نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان کے زیرصدارت امن و امان سے متعلق ہنگامی اجلاس ہوا، تربت میں پیش آنے والا واقعہ پر اظہار افسوس کیا گیا، نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریاست کی رٹ ہر قیمت پر برقرار رکھی جائے گی، اداروں کے مابین انفارمیشن شیئرنگ کے نظام کو مربوط بنا کر اس قسم کے واقعات کا تدارک یقینی بنایا جائے۔
میرعلی مردان ڈومکی نے کہا کہ انٹیلی جنس بیسڈ معلومات پر فوری کارروائی عمل میں لاکر تخریب کاری کے ایسے واقعات کی روک تھام کی پیشگی منصوبہ بندی کی جائے، مزدوروں کی پروفائلنگ کے ساتھ ساتھ سکیورٹی کے انتظامات کو فول پروف بنایا جائے، ملوث عناصر اور معاونت کاروں تک پہنچنے کے لئے مشترکہ انٹیلی جنس کے نظام کو مربوط بنانا ہوگا۔
نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ تربت میں پولیس اور لیویز فورس میں افرادی قوت کی کمی کو پورا کیا جائے گا، نئی بھرتی کے عمل تک صوبے کے مختلف اضلاع سے دستیاب نفری کو تربت میں تعینات کیا جائے، تربت میں پولیس، لیویز، سی ٹی ڈی اور حساس اداروں کے اہلکاروں پر مشتمل تفتیشی ٹیم کا اجلاس روزانہ کی بنیاد پر منعقد کیا جائے۔