مظفرآباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق نے کہا ہے کہ سستی بجلی شہریوں کا حق ہے، لوگ بجلی بل دیں تو 200 یونٹس تک فری بجلی دی جا سکتی ہے۔
سدھنوتی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق نے کہا کہ مملکت خداداد پاکستان کی ترقی و استحکام سے ہی ہماری بھی بقاء ہے، ریاستی عوام کی فلاح و بہبود میرا مشن ہے، اعلانات پر یقین نہیں رکھتا بلکہ عمل کا قائل ہوں۔
وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ اگر تبدیلی چاہئے تو سٹیٹس کو کو توڑنا ہو گا، عوام کے ٹیکسوں سے کھلواڑ اب نہیں چلے گا، وزراء سمیت عوامی ٹیکسوں سے تنخواہ لینے والے عوام کو جوابدہ ہیں، حقوق کی جنگ میں قومی ذمہ داری سے منہ نہیں موڑا جا سکتا۔
یہ بھی پڑھیں: 2008ء سے ابتک پاور سیکٹر کو 6 ہزار 196 ارب روپے کی ریکارڈ سبسڈی فراہم کی گئی
چودھری انوارالحق نے کہا کہ پہلی بار بجلی بلوں میں کمی کی، آنے والے دنوں میں تبدیلی نظر آئے گی، بیواؤں، یتیموں، معذوروں، بچوں، بچیوں کے لئے 5 ارب کی خطیر رقم مختص کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کے ملازمین کو اپنی پراگرس دکھانا ہو گی، اللہ نے موقع دیا تو ہر طرح کی کرپشن کا خاتمہ کر کے دم لوں گا۔