لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی(پی آئی سی) کا دورہ کیا اور اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب علی الصبح پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پہنچے، انہوں نے ہسپتال کے ایمرجنسی بلاک کے توسیعی منصوبے کا تفصیلی دورہ کیا اور جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا۔
محسن نقوی نے ہسپتال کے تینوں فلور کا معائنہ کیا اور زیر تعمیر پرائیویٹ وارڈز اور کمروں میں جاری کاموں کا جائزہ لیا، وزیراعلیٰ پنجاب نے پرائیویٹ کمروں کو مزید کشادہ کرنے کا حکم دیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اپ گریڈیشن کے بعد ایمرجنسی کے بیڈز میں اضافہ ہوگا، مریضوں اور تیمارداروں کی سہولت کے لئے ایل ای ڈی سکرینیں لگائی جائیں گی، 3 شفٹ میں کام اور اپ گریڈیشن پراجیکٹ کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔
علاوہ ازیں نگران وزیراعلیٰ نے وارڈ میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور ان سے خیریت دریافت کی، مریضوں اور تیمارداروں سے بات چیت کی اوران کے مسائل سنے، وزیراعلیٰ نے نوجوان کی طرف سے ہسپتال میں ناروا سلوک اور پیسے لے کر داخل ہونے کی شکایت پر فوری کارروائی کی ہدایت کی۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے بزرگ مریض کے تیماردار کی جانب سے کنٹین پر اوور چارجنگ کی شکایت پر نوٹس لیتے ہوئے اے سی ماڈل ٹاؤن کو اوور چارجنگ کی شکایت پر فوری کارروائی کا حکم دیا۔
صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم، سیکرٹری صحت، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، کمشنر، سپیشل سیکرٹری ہیلتھ، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی سی ڈاکٹر انجم جلال، ایم ایس ڈاکٹر تحسین اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔