لاہور: (دنیا نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے تعاون سے"سموگ فری پریمسیز" مہم کا آغاز کر دیا، مہم کی افتتاحی تقریب الخدمت کمپلیکس میں منعقد ہوئی۔
پاکستان میں عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ ڈاکٹر پالیتھا مہیپالا، صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمان، سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری، چیئرمین الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن پروفیسر ڈاکٹر محمد زاہد لطیف، نائب صدور سید احسان اللہ وقاص، ڈاکٹر مشتاق، ذکر اللہ مجاہد سمیت دیگرذمہ داران نے مہم کے آغاز پر اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستانی معاشرے بالخصوص الخدمت سے منسلک اداروں میں تمباکو نوشی کے مضراثرات کے بارے میں موثرآگاہی دی جائے گی، جس کا مکمل پلان تیار کر لیا گیا ہے۔
ڈاکٹر حفیظ الرحمان نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی کی بہترین صحت اور آلودگی سے پاک معاشرہ الخدمت کی ترجیح ہے، کمیونٹی کو اس مہم کا حصہ بنا کر عوام الناس کو تمباکو نوشی کے مضر اثرات سے آگاہی دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کے سٹاف، رضاکاروں اور سفیروں کے لیے ٹریننگ ورکشاپس کا انعقاد کر رہے ہیں تاکہ ہمارے اپنے ہر سطح کے دفاتر، اورفن آغوش ہومز، ہسپتال، تعلیمی اداروں سے منسلک افراد کو آگاہی کے ذریعے تمباکو نوشی کے مضر اثرات سے بچایا جاسکے۔
ڈاکٹر حفیظ الرحمان نے کہا کہ ہمارے رضاکار اور سفیر یونیورسٹیز، کالجز، سکولز، دفاتر سمیت پبلک مقامات پر اس حوالے سے عوام الناس کو آگاہی دیں گے، انہوں نے بتایا کہ ہم تمباکو نوشی سے پاک معاشرے کی اس مہم میں میڈیا اور سوشل میڈیا کا موثراستعمال بھی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ڈبلیو ایچ او نمائندہ ڈاکٹر پالیتھا مہیپالا کے شکر گزار ہیں کہ وہ پاکستانی کمیونٹی کو تمباکو نوشی کے مضراثرات سے بچانے کے لیے خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں، ان کی یہاں موجودگی اس مہم کی اہمیت اور ساکھ میں مزید اضافہ کر رہی ہے۔
تقریب کے مہمان خصوصی ڈبلیو ایچ او نمائندہ ڈاکٹر پالیتھا مہیپالا نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی معاشرے کے لیے خدمات ناقابل فراموش ہیں ، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن تمباکو نوشی کے نقصانات سے معاشرے کو بچانے کے لیے الخدمت فاؤنڈیشن سے مکمل تعاون اور مدد کرے گا۔