نگران وزیر تعلیم و ترقی نسواں سندھ سے دانش سکول کے 3 رکنی وفد کی ملاقات

Published On 27 November,2023 11:10 pm

کراچی: (دنیا نیوز) نگران وزیر تعلیم و ترقی نسواں سندھ رعنا حسین سے پرنسپل دانش سکول لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ شاہد بشیر کی سربراہی میں کنٹرولر امتحانات دانش سکول رحیم یارخان اور پلیسمنٹ آفیسر فیصل ارشاد نے ملاقات کی۔

ملاقات کے موقع پر ڈائریکٹر ایچ آر اینڈ ٹریننگ کشور کمار، رجسٹرار اور محکمہ سکول ایجوکیشن سندھ کی طرف سے فوکل پرسن دانش سکول ٹیسٹ عشرت نور بھی موجود تھے، اس موقع پر وفد نے صوبائی وزیر تعلیم سندھ کو دانش سکول سسٹم کے حوالے سے آگہی دی، وفد نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ دانش سکول میں سندھ سے تعلق رکھنے والے طالب بھی علم زیر تعلیم ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سال 2015ء سے ہر سال سندھ کے 32 بچوں کو مکمل سکالرشپ کے ساتھ دانش سکول کے تعلیم حاصل کرنے کا موقع دیا جاتا ہے، 32 طالب علموں میں 16 گرلز اور 16 بوائز کو یہ موقع دیا جاتا ہے۔

وفد نے بتایا کہ دانش سکول میں داخلہ کے لیے باقاعدہ پنجاب حکومت کی طرف سے سندھ حکومت کو لیٹر لکھا جاتا ہے، کلاس 6 سے کلاس 12 تک بچوں کو تعلیم کی مفت سہولت دی جاتی ہے، رواں سال 868 درخواستیں موصول ہوئیں، 422 امیدوار ٹیسٹ میں اپیئر ہوئے، کراچی سے سب سے زیادہ 414 امیدواروں نے ٹیسٹ دیا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے پنجاب سے ملحقہ اضلاع کشمور اور گھوٹکی کے اضلاع کے امیدواروں سے ٹیسٹ 10 دسمبر کو لیا جائے گا، 10 دسمبر کے ٹیسٹ کے بعد کامیاب امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا۔

نگران صوبائی وزیر تعلیم سندھ رعنا حسین نے کہا کہ بین الصوبائی ہم آہنگی کیلئے دانش سکول کا اقدام بہتر مثال ہے، پاکستان میں تعلیم کی ترقی کیلئے صوبوں کے مابین سٹوڈنٹ ایکسچینج پروگرامز کو فروغ دینا چاہیے، سٹوڈنٹ ایکسچینج پروگرامز سے ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کا موقعہ ملتا ہے۔

رعنا حسین کا کہنا تھا کہ ایک صوبے کے دوسرے صوبوں کے طالب علموں سے روابط بڑھنے سے قومی یکجہتی بڑھے گی، دانش سکول نے تعلیم کی ترقی کے سلسلے میں اچھے نتائج دیئے ہیں، اس موقع پر صوبائی وزیر رعنا حسین نے محکمہ تعلیم سندھ کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔