لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو اٹھارہویں ترمیم کی بنیاد پر الیکشن سلوگن بنانے کی تلاش میں ہیں۔
ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے نقطہ نظر سے جھنگ کا ضلع 2018 کے الیکشن میں خالی تھا، آج ہم نے ضلع جھنگ کو مکمل کیا ہے، آج کچھ افراد کا باضابطہ طور پر مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا جا رہا ہے۔
رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ این اے 110سے مولانا آصف معاویہ، بابر سیال، پی پی 125سے محترمہ نیلم سیال، پی پی 129سے خالد غنی، پی پی 131سے فیصل حیات جبوانہ، پی پی 267سےرئیس محمد ابراہیم،این اے 189سے سردار ریاض خان اور پی پی 297سےدوست محمد خان مزاری مسلم لیگ ن میں شامل ہو گئے ہیں۔
صدر مسلم لیگ ن پنجاب نے کہا کہ کاروبار زندگی نہ بزرگ چلا سکتے ہیں نہ نوجوان یہ مکس میچ ہوتا ہے، سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے خود بھی بڑوں کی عزت نہیں کی، سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے توں تڑاں کا کلچر متعارف کرایا۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ جمہوریت آزادی اظہار رائے اور آزاد فضا میں آگے بڑھنے کا نام ہے، ہم نے برے حالات کا جرات مندی سے سامنا کیا ہے، ہم مشکل حالات سے نکل کر بہتر حالات کی جانب پیش قدمی کررہے ہیں، 21 اکتوبر کو نوازشریف نےیہ عہد کیا ہے کہ ملک کو بحران سےنکالیں گے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی ملک کو ایسے بحرانوں سے نکالا ہے، نوازشریف ملک کے 3بار وزیراعظم رہ چکے ہیں، نوازشریف وہ واحد شخصیت ہیں جو ملک کو بحرانوں سے نکال سکتے ہیں، یہ ملک قائم رہنے کیلئے بناہے،قیامت تک قائم رہے گا،بحران سے نکلے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم تو بالکل 8فروری کے الیکشن کیلئے تیار ہیں، گوہر خان کو چاہیے اپنی پارٹی کو الیکشن میں لے کر جائیں، 9مئی کے مجرمان کو قانون کا سامنا کرنے دیں، پی ٹی آئی 9مئی کے کرداروں کا تحفظ نہ کرے۔
اس موقع پر سابق سپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کا کہنا تھا کہ مجھے اور میرے خاندان کو میاں نوازشریف کی لیڈر شپ پر پورا اعتماد ہے، کل بڑے میاں صاحب نے ہماری عزت میں اضافہ کیا، آج ہم مسلم لیگ ن میں شامل ہورہے ہیں۔