نام نہاد انٹراپارٹی الیکشن ہوئے، طے تھا سلیکشن ہونے جا رہی ہے: اکبر ایس بابر

Published On 08 December,2023 02:35 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بانی رہنما پی ٹی آئی اکبر ایس بابر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے نام نہاد انٹراپارٹی الیکشن ہوئے، طے شدہ تھا کہ سلیکشن ہونے جا رہی ہے۔

الیکشن کمیشن آفس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ورکرز سے دھوکا ہوا، پارٹی ورکر کو لیول پلیئنگ فیلڈ ملنی چاہیے، ہم نے 16 سال تحریک انصاف کی برانڈنگ کی، سابق چیئرمین نے پارٹی اجرتی سیاستدانوں کے حوالے کر دی۔

انہوں نے کہا کہ ہم 8 سال فارن فنڈنگ کیس میں آتے رہے، اللہ نے سرخرو کیا، پی ٹی آئی کے نام نہاد انٹراپارٹی الیکشن ہوئے ہیں، ہم نے ایک درخواست دی تھی جس پر آج سماعت ہوئی، پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کے نام پر الیکشن کا مذاق اڑایا گیا ہے، یہ پی ٹی آئی کے ورکروں سے دھوکا ہوا ہے، ورکروں سے آئینی، قانونی و بنیادی حق چھینا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اکبر ایس بابر کی پی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخابات دوبارہ کرانے کی استدعا مسترد

بانی رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے جعلی انٹراپارٹی الیکشن ہوئے ہیں، کچھ سینئر وکلا کہتے ہیں اسی طرح کے الیکشن باقی جماعتوں میں بھی ہوتے ہیں، پی ٹی آئی نے آج ماڈرن جماعت بننا تھا، آج ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو کیا آپ اپنا رول ماڈل سمجھتے ہیں جو ایسا بیان دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو جمہوریت کو اپنانا ہوگا، ہم نے تمام سیاسی جماعتوں کو شخصی کنٹرول اور خاندانی کنٹرول سے آزاد کرنا ہے، یہ جمہوریت کے نام پر اقتدار کا کھیل ہو رہا ہے، ایک کہتا ہے مجھے پہلی بار وزیراعظم بناؤ، ایک کہتا ہے مجھے دوسری بار وزیراعظم بناؤ، ایک کہتا ہے مجھے چوتھی بار وزیراعظم بناؤ، یہ صرف اقتدار کی جنگ ہے،  یہ کیسی جمہوریت ہے جو لوگوں کو روزگار نہیں دیتی۔

اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ایک کٹی پتنگ ہے سب اس کو لوٹنے کی کوشش کر رہے ہیں، ہم نے اپنی زندگی کے قیمتی سال اس پارٹی کو دیئے ہم اپنے راستے سے نہیں ہٹیں گے، ہمارا راستہ ہے پی ٹی آئی کو ایک جمہوری ادارہ بنائیں، آج تک اس پارٹی کا منافق چہرہ عوام کے سامنے پیش کیا جاتا رہا۔