شہباز شریف سے بلوچستان، پنجاب اور سندھ کے پارٹی رہنماؤں کی ملاقات

Published On 06 December,2023 10:12 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے بلوچستان، پنجاب اور صوبہ سندھ سے پارٹی رہنماؤں نے ملاقات کی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے صدر جعفر خان مندوخیل، سابق وزیر اعلیٰ جام کمال نے شہبازشریف سے ملاقات میں بلوچستان میں پارٹی امور اور عام انتخابات کی تیاریوں پر مشاورت کی، ملاقات میں بلوچستان میں پارٹی کو مزید مضبوط اور فعال بنانے کے لئے تجاویز پر غور کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: نوازشریف، شہبازشریف، بلاول بھٹو، زرداری کو اقتدار میں آتا نہیں دیکھ رہا: جاوید ہاشمی

شہباز شریف نے جعفر مندو خیل کی بلوچستان میں پارٹی کو مضبوط بنانے کے لئے کوششوں کو سراہا، سابق وزیر اعلیٰ جام کمال نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کی ایون فیلڈ ریفرنس میں بریت پر شہباز شریف کو مبارک دی، شہباز شریف نے نیک تمناؤں کے اظہار پر جام کمال کا شکریہ ادا کیا۔

خوشاب سے سابق رکن قومی اسمبلی اور سابق وفاقی وزیر سمیرا ملک نے پارٹی صدر سے ملاقات میں عام انتخابات کی تیاریوں اور پارٹی سرگرمیوں پر گفتگو کی۔

کراچی سے پارٹی رہنماؤں خواجہ شعیب اور صالحین تنولی نے بھی پارٹی صدر سے ملاقات میں صوبہ سندھ میں پارٹی کو مزید فعال بنانے اور عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی سب سے بڑی وفاقی جماعت ہے، مسلم لیگ (ن) وفاق کی مضبوطی اور ترقی کی علامت ہے، بلوچستان قومی ترقی اور حقوق کی فراہمی مسلم لیگ (ن) کی ہمیشہ اولین ترجیح رہی ہے اور رہے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ن لیگ کی ق لیگ کو 2 قومی اور 3 صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر ایڈجسٹمنٹ کی پیشکش

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی کے لئے بلوچستان کی ترقی ایک لازمی تقاضا ہے جسے صرف مسلم لیگ (ن) ہی پورا کرسکتی ہے، شریف نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ پورے پاکستان کے عوام سے وعدے پورے کئے اور بلا امتیاز سب اکائیوں کو ترقی دی۔

صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ حقوق کا تحفظ اور ترقی یقینی بنا کر بلوچستان کو پاکستان کی خوشحال اکائی بنائیں گے، ان شاءاللہ، تمام صوبوں کو ترقی کے عمل میں مساوی انداز میں ساتھ لے کر چلیں گے، 18 ویں ترمیم کے ذریعے صوبوں کے اندر یکساں تقسیم کو یقینی بنائیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ 18 ویں ترمیم سے صوبوں کو وسائل اور اختیارات ملے، اب اس کا دائرہ صوبوں کے اندر تمام علاقوں تک لے کر جائیں گے، عوام کا مسئلہ مہنگائی ہے، اس سے نجات صرف مسلم لیگ (ن) دلاسکتی ہے۔