کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم نے یہ طے کیا ہے کہ اب کسی کو ہمارے ووٹوں کی ضرورت ہو تو وہ پہلے ہمیں اختیارات اور وسائل دے۔
ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفیٰ کمال نے نیو کراچی ٹاؤن میں قریشی برداری کے تعارفی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیوایم اورالقریش برادری لازم و ملزوم ہیں، آج سے پہلے کراچی دنیا کے تیز ترین ترقی کرتے ہوئے شہروں میں شامل تھا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں مسائل کی وجہ سندھ حکومت ہے: مصطفیٰ کمال
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ انسانوں کے رہنے کے اچھے اور برے شہروں کی رینکنگ پوری دنیا میں ہوتی ہے، کراچی کا شمار دنیا کے چار بدترین شہروں میں ہوتا ہے، صوبائی خود مختاری کے نام پر15سالوں تک کراچی کے حقوق کو سلب کیا گیا، اس متعصب صوبائی حکومت نے شہر کو کوئی میگا پراجیکٹ نہیں دیا۔
ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر نے کہا کہ ہمارے دور کے میگا پراجیکٹس سے آج یہ شہر چل رہا ہے، ہم نے یہ طے کیا ہے کہ اب کسی کو ہمارے ووٹوں کی ضرورت ہو تو وہ ہمیں اختیارات و وسائل دے، اس کے لئے ان کے حقوق کا آئینی تحفظ ضروری ہے، اختیارات اور وسائل جو وزیراعلیٰ ہاؤس میں پارک ہوگئے ہیں وہ گلی محلوں میں آجائیں۔