ملک سیاسی بحران سے دوچار، شفاف، غیر جانبدارانہ انتخابات ہی واحد حل ہیں: پرویز خٹک

Published On 05 December,2023 07:33 pm

نوشہرہ: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرینز کے چیئرمین پرویز خٹک نے کہا کہ ملک سیاسی بحران سے دوچار ہے، شفاف غیر جانبدارانہ انتخابات ہی سیاسی بحران کا واحد حل ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرینز کے چیئرمین پرویز خٹک نے ووکرز کنوشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے معیشت کو تباہ کرنے کے ساتھ ساتھ سیاسی کلچر بھی تباہ کرکے رکھ دیا۔

پرویز خٹک نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے غریب عوام مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی سے دوچار ہوئی، خیبرپختونخوا کے پختونوں نے تحریک انصاف اور بانی پی ٹی آئی کو بھرپور مینڈیٹ دیا، بانی پی ٹی آئی نے چار سالہ حکومت میں پختونخوا کی عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ 9 مئی کے واقعات اور حالات کے بانی پی ٹی آئی اور کچھ دیگر لیڈران ذمہ دار ہیں، مولانا کو اسلام کی فکر نہیں، اسلام آباد کی طرف دیکھ رہے ہیں، اسلام کے نام پر ووٹ لینے والے بتائیں انہوں نے اسلام اور عوام کے لئے کیا کیا؟

پرویز خٹک نے مزید کہا کہ اگر سابق حکمران قرضے نہ لیتے تو آج اتنی مہنگائی نہ ہوتی، مستقبل میں اچھا لیڈر نہ آیا تو مہنگائی کا طوفان آئے گا، آئندہ الیکشن میں سب پارٹیوں کو ہراؤں گا، آئندہ میں خیبرپختونخوا کا وزیراعلیٰ بنوں گا۔