کوشش کرنی چاہئے الیکشن متنازعہ نہ ہوں ورنہ حکومت ڈیلیور نہیں کر پائے گی: پرویزاشرف

Published On 05 December,2023 04:37 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ تمام جماعتوں کو کوشش کرنی چاہئے الیکشن متنازعہ نہ ہوں ورنہ سلیکشن کے نتیجے میں بننے والی حکومت ڈیلیور نہیں کر پائے گی۔

سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آٹھ فروری الیکشن کا دن مقرر ہے، ہمارے ملک میں شفاف الیکشن ہونا ضروری ہیں، شفاف الیکشن سے بننے والی حکومت ہی مسائل حل کرسکتی ہے۔

راجہ پرویزاشرف نے کہا کہ ہر حلقے کا امیدوار جیتنے کا دعویٰ کرتا ہے، ملک کے قومی اداروں کے خلاف کسی کا بیان سامنے نہیں آنا چاہئے، الیکشن کمیشن نے ہر حال میں خود کو غیر جانبدار رکھنا ہے، سب کو لیول پلیئنگ فیلڈ دینا چاہئے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ الیکشن کوئی آسان بات نہیں، ان دنوں میں ہر چیز رک جاتی ہے، عوام باشعور ہیں، ہمیں اپنے ووٹر پر اعتماد کرنا چاہئے، الیکشن کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے، میں نے اپنی حد تک بطور سپیکر قومی سمبلی غیر جانبداری دکھائی، اس وقت رانا فاروق سعید قائم مقام صدر وسطی پنجاب ہیں اور میری کمی پوری کر رہے ہیں۔