الیکشن کمیشن کی مالی ضروریات پوری کرنے سے متعلق کوئی مسئلہ درپیش نہیں، مرتضیٰ سولنگی

Published On 04 December,2023 06:02 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی مالی ضروریات پوری کرنے سے متعلق کوئی مسئلہ درپیش نہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ کابینہ نے ای سی پی کی بجٹ ضروریات کے لیے 42 ارب روپے کی منظوری دی تھی، 10 ارب روپے کی رقم پہلے ہی الیکشن کمیشن کو جاری کی جا چکی ہے۔

مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ ای سی پی نے بجٹ کی رقم میں سے 17.4 ارب روپے جاری کرنے کے لیے رابطہ کیا ہے۔

نگران وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو جو رقم درکار ہو گی وہ اس کی ضروریات کے مطابق جاری کی جائے گی۔

مرتضیٰ سولنگی نے مزید کہا کہ ہم آئین کے آرٹیکل 218(3) کے تحت آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد میں مضبوطی سے ای سی پی کے ساتھ کھڑے ہیں۔