کوہاٹ : (دنیانیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کاکہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہر دور میں عوامی سیاست کی ہے جبکہ ایک سیاستدان جیل سےنکلنے اور دوسراجیل سے بچنے کیلئے الیکشن لڑ رہا ہے۔
کوہاٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ کوہاٹ کے بزرگوں، بھائیوں اور بہنوں کو سلام پیش کرتا ہوں، پیپلز پارٹی کےکارکنان ،عہدیداران اورتنظیم کا شکر گزار ہوں، پیپلز پارٹی کے یہ کنونشن اور جلسے بہت کامیاب رہے ہیں ، عوام نے دنیا میں پیغام پہنچادیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں پیپلز پارٹی موجود ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمیں کہا گیا تھا خیبر پختونخواسے اپنے کنونشنز کا آغاز نہ کریں، خیبر پختونخوا میں سکیورٹی مسائل ہیں دہشتگرد پھر رہے ہیں، میں نے کہا پیپلز پارٹی کے جیالے ڈرنے اور جھکنے والے نہیں ہیں۔
انہوں نے کہاکہ آج بھی قائدعوام اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جدوجہد کیلئے لڑنے کیلئے تیار ہیں، دوسرے تیار ہوں یا نہ ہوں پیپلز پارٹی کے جیالے ہمیشہ الیکشن کیلئے تیار ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی نے ہر دور میں پسماندہ علاقوں کے مظلوم عوام کی نمائندگی کی ہے، آج کے تمام بحرانوں اورمسائل کا حل پیپلز پارٹی کے منشور میں موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مقابلہ سیاستدانوں سے نہیں بلکہ غربت اور مہنگائی سے ہے،پیپلز پارٹی نے ہر دور میں غربت سے مقابلہ کیا، میرا مقصد صرف عوام کے لیے الیکشن لڑنا ہے، نفرت، انتقام اورانا کی سیاست ختم کرکے خدمت کی سیاست کرنا ہوگی۔
بلاول بھٹو کاکہناتھا کہ شہید محترمہ بینظیر اس نعرے سے پہچانی جاتی تھیں کہ بینظیر آئے گی روزگار لائے گی، ہماری وہ واحد جماعت ہے جو مافیا کی نہیں سفید پوش اور غریب طبقات کی نمائندگی کرتی ہے، عوام نے ساتھ دیا توہم 8فروری کو نفرت اور تقسیم کی سیاست کو ختم کرکے نئی سیاست کا آغاز کریں گے۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم اس لیے الیکشن لڑرہے ہیں کہ بینظیر مزدور کارڈ ملک میں متعارف کرواسکیں، بے روزگار نوجوانوں کو یوتھ کارڈ دیں، لیکن کچھ لوگ ذاتی مسائل کے حل کیلئے الیکشن لڑرہے ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی حکومت بنا رہی ہے، ہم حکومت بناکر عوام کو انکا حق پہنچائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اٹھارہویں ترمیم پر نہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے عملدرآمد کیا نہ نوازشریف نے، 12سال قبل سابق صدر آصف زرداری نے سپریم کورٹ کو ریفرنس بھیجا تھا، آج ٹھیک 12سال بعد قائدعوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کا کیس لگ گیا ہے، پورے پاکستان کو معلوم ہے قائدعوام ذوالفقار علی بھٹو شہیدبے قصور تھے، ، قوم کو بتانا پڑے گا،اس جرم میں سہولت کار کون تھے؟ ہم انصاف کی امید رکھتے ہیں،قانون اور تاریخ سے انصاف کیا جائے گا۔