190 ملین پاؤنڈ اوپن اینڈ شٹ کیس، عدالت میں ثابت کرنیکی ضرورت نہیں: عابد شیر

Published On 10 December,2023 06:09 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما عابد شیر علی نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ اوپن اینڈ شٹ کیس ہے اس کو کسی عدالت میں ثابت کرنے کی ضرورت نہیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما عابد شیر علی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے اہلیہ کے ساتھ ملکر 190ملین پاؤنڈ کا ڈاکہ مارا، پاکستان کے 26 کروڑ عوام سے پوچھنا چاہتا ہوں آج سب سے بڑا چور کون ہے؟

عابد شیر علی نے کہا کہ نئے پاکستان کے خواب کی تعبیر کیلئے ہمیں چور ڈاکو قرار دیا گیا، پاکستان کی سلیکٹڈ حکومت کے سربراہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی تھے، ایک بند لفافہ آیا اس کو کابینہ میں رکھا گیا اور منظور کروا لیا گیا، جو جرم سابق چیئرمین پی ٹی آئی پر ثابت ہوچکا اسے کسی عدالت میں لیجانے کی ضرورت نہیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ پاکستان میں کرپشن کی بنیاد سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے دور میں رکھی گئی، سابق چیئرمین پی ٹی آئی ایک بے نامی وزیراعظم تھے۔

عابد شیر علی نے کہا کہ نوازشریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر تاحیات نااہل قراردیا گیا، سابق چیئرمین پی ٹی آئی کا اخلاقیات سے کوئی تعلق نہیں، پاکستان کے ساتھ کب تک مذاق ہوگا؟ پاکستان کے 26کروڑ عوام کے ساتھ گھناؤنا کھیل کھیلا گیا، عوام کے پیسے چوری کئے گئے۔

رہنما مسلم لیگ ن نے مزید کہا کہ ان کو اسرائیل اور بھارت سے فنڈنگ ہوئی، میں پاکستان کے 190ملین پاؤنڈ واپس لینا چاہتا ہوں، پاکستان کے عوام کی لوٹی ہوئی دولت واپس کرائی جائے۔