لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی الیکشن سے خوفزدہ ہے کیونکہ ان کو امیدوار نہیں مل رہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا کہ پورے ملک میں عام انتخابات کا اعلان ہوچکا ہے، الیکشن کمیشن انتخابات کی تیاریاں کر رہا ہے، سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے انتخابی عمل پر ایک خودکش حملہ کیا ہے، پی ٹی آئی الیکشن سے فرار کی راہیں تلاش کر رہی ہے، ہم پی ٹی آئی کو الیکشن سے بھاگنے نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن بروقت ہوں گے، عوام چاہتے ہیں جلد از جلد جمہوری منتخب حکومت آکر مسائل حل کرے، پی ٹی آئی اس وقت جمہوریت کے خلاف گھناؤنی سازش کر رہی ہے، پی ٹی آئی کو انتخابات میں شکست نظر آ رہی ہے، پی ٹی آئی انتخابات سے فرار اور ملک میں انتشار پیدا کرنا چاہتی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ ہم پارٹی کے اندرونی معاملات کی پارٹی فورم پرہی گفتگو کرتے ہیں، پی ٹی آئی بوکھلاہٹ کا شکار ہے، سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے دور میں ہم پر بھی سورج سوا نیزے پر کھڑا تھا، ہم اس دور کی مشکلات کے سامنے چٹان بن کر کھڑے رہے۔
سابق وزیر نے مزید کہا کہ رائے دینا ہر کسی کا حق ہے، رائے قبول کرنا یا نہ کرنا الیکشن کمیشن کا اختیار ہے، پی ٹی آئی کا ایک باضابطہ اور باقاعدہ عملہ ہے، ماضی میں بھی پی ٹی آئی قانونی سہارے تلاش کر کے ایجنڈا پورا کرتی رہی، اس بار بھی پی ٹی آئی نے عدلیہ کا کندھا استعمال کرنے کی کوشش کی ہے۔