کمشنرز کھاد کی شفاف تقسیم یقینی بنائیں، وزیر اعلیٰ سندھ کا مراسلہ

Published On 15 December,2023 06:56 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے صوبے بھر کے کمشنرز کو کھاد کی قلت سے متعلق مراسلہ جاری کر دیا، جس میں کہا گیا ہے کہ عوام الناس کیلئے کھاد کی شفاف تقسیم یقینی بنائی جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ مقبول باقر نے کمشنرز کو ہدایت کی کہ بدعنوانی کے مرتکب افسران کے خلاف فوری تادیبی کارروائی کریں، انہوں نے استفسار کیا کہ صوبے میں کھاد کی منصفانہ تقسیم کے خدشات روز بروز کیوں بڑھتے جا رہے ہیں؟۔

جسٹس (ر) مقبول باقر نے کہا کہ کھاد کی ذخیرہ اندوزی یا حکومت کے منظورشدہ نرخوں سے زائد پر فروخت کو فوراً روکا جائے، کھاد کی تقسیم کو مؤثر طریقے سے مانیٹر اور ریگولیٹ کرنے کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں، صوبے بھر میں کھاد کی ذخیرہ اندوزی اور بلیک مارکیٹنگ کو روکا جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ کھاد کی ذخیرہ اندوزی یا بلیک مارکیٹنگ میں ملوث ڈیلرز و دکانداروں کے خلاف سخت کارروائیاں کریں، کھاد کے ڈیلرز، دکانوں پر موجود کھاد کے موجودہ سٹاک کی تعلقہ سطح پر تفصیلات مرتب کریں، تمام ڈی سی دفاتر میں کسانوں کی سہولت کیلئے’’ہاری مدد گار مرکز‘‘سیل قائم کریں۔

انہوں نے کہا کہ تمام تعلقوں میں محکمہ زراعت کےساتھ نامزد فوکل پرسنز کسانوں کیلئے سہولت کاری ڈیسک قائم کریں، ضلع اور تعلقہ سطح پر ہاری مددگار مراکز کو موصول کھاد کی دستیابی و سرکاری نرخوں کا باقاعدگی سے اعلان کیا جائے، خلاف ورزی کرنے والے دکانوں یا ڈیلرز کے خلاف شکایات درج کرنے کیلئے کسانوں کی آگاہی کریں۔

جسٹس (ر) مقبول باقر نے تمام کمشنرز کو روزانہ کی بنیاد پر اپنی رپورٹ بھیجنے کا حکم دے دیا، انہوں نے کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز آج ہی اپنی کارکردگی رپورٹ وزیراعلیٰ ہاؤس سیکرٹریٹ بھیجیں۔