پشاور: (دنیا نیوز) پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو 21 دسمبر تک پی ٹی آئی کے خلاف کارروائی سے روک دیا۔
پشاور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات اور انتخابی نشان کے معاملے پر الیکشن کمیشن کے نوٹسز کیخلاف پی ٹی آئی کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے سماعت کی۔
دوران سماعت وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ ہم نے آج جواب جمع کیا ہے جس پر بیرسٹر گوہر علی کا کہنا تھا کہ یہ ہمیں بھی اس کی کاپی فراہم کریں۔
جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے ریمارکس دیئے کہ یہ آپ کا قانونی حق ہے آپ کو کاپی فراہم کریں گے، نیازی صاحب کو آپ پہلی بار پشاور لے آئے ہیں، نیازی صاحب تو اہم شخصیت ہے انھوں نے آپ کا الیکشن کرایا ہے۔
بیرسٹر گوہر علی نے کہا کہ نیازی صاحب پشاور آتے رہتے ہیں، یہ ہمارے لئے بہت اہم ہے، الیکشن کمیشن نوٹس کے خلاف عبوری ریلیف میں توسیع کی جائے، عدالت نے عبوری ریلیف میں 21 دسمبر تک توسیع کر دی۔
عدالت نے الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن اور انتخابی نشان کیس میں 21 دسمبر تک حتمی فیصلہ جاری کرنے سے روکتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔