اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے آئندہ عام انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان کر دیا۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ آج بھی نیب کے نام نہاد کیسز چل رہے ہیں، اس کیس کا پانچواں سال جاری ہے، ایک کیس پہلے بنا تھا وہ بھی ختم ہوگیا یہ بھی ختم ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بار بار کہتا ہوں نیب کی عدالتوں میں کیمرے لگائیں، پاکستان کے عوام کو بتایا جائے یہاں کیسز کیسے چلتے ہیں، میری ارباب اقتدار سے گزارش ہے یہ نظام ہوگا تو ملک نہیں چلے گا، آج اس ملک میں جو ظلم اور ناانصافی ہے اس کا حساب کون دے گا؟
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے رابطہ کیا نہ اس کی ضرورت ہے، جس لیول پلیئنگ فیلڈ سے پی ٹی آئی کو اقتدار ملا آج وہی حالات ہیں۔
اس موقع پر شاہد خاقان عباسی نے نئی پارٹی بنانے یا ن لیگ چھوڑنے سے متعلق سوالات کا جواب دینے سے گریز کیا اور کہا کہ الیکشن میں حصہ نہیں لوں گا۔
قبل ازیں اسلام آباد کی احتساب عدالت میں شاہد خاقان عباسی کے خلاف دائر ایل این جی ریفرنس کی سماعت ہوئی، احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کیس کی سماعت کی، سابق وزیراعظم کی جانب سے ان کے وکیل عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
دوران سماعت وکیل شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ میں انٹرا کورٹ اپیل لگی ہوئی ہے، فیصلے تک سماعت ملتوی کی جائے۔
جس پر عدالت نے کیس کی سماعت 13 فروری 2024 تک ملتوی کر دی۔