چیف الیکشن کمشنر کا احد چیمہ کو آج ہی عہدے سے ہٹانے کا حکم

Published On 21 December,2023 11:49 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف الیکشن کمشنر نے نگران وزیراعظم کے مشیر احد خان چیمہ کو آج ہی عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ نے نگران وزراء کو ہٹانے کے معاملے پر نگران وزیر فواد حسن فواد کے متعلق کیس کی سماعت کی۔

درخواست گزار سید عزیز الدین کاکاخیل ایڈووکیٹ پیش نہ ہوئے جس پر الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ سید عزیز الدین کاکاخیل نے سیاسی وابستگی کی بنیاد پر فواد حسن فواد کو نگران کابینہ سے ہٹانے کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔

اس موقع پر وفاقی حکومت کے نمائندے الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے تو چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے حکم دیا کہ احد چیمہ کو ہٹانے کا حکم دیا تھا، لہٰذا آج ہی عمل کروائیں۔

واضح رہے کہ دو روز قبل الیکشن کمیشن نے احد چیمہ کو فوری مشیر کے عہدے سے ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ عام انتخابات پر اثر انداز ہوسکتے ہیں۔