لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد 7 کڑور 23 لاکھ 10 ہزار 582 تک پہنچ گئی۔
الیکشن کمیشن کی دستاویزات کے مطابق 2018 کے مقابلے میں پنجاب میں ووٹرز کی تعداد میں 1 کروڑ 16 لاکھ 37 ہزار 811 ووٹرز کا اضافہ ہوا۔
پنجاب میں رجسٹرڈ مرد ووٹرز کی تعداد 3 کروڑ 87 لاکھ 20 ہزار 67 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 3 کروڑ59 لاکھ 90 ہزار 515 ہے، 2018 کے مقابلے میں پنجاب میں رجسٹرڈ خواتین ووٹرز کی تعداد میں 65 لاکھ 98 ہزار 141 جبکہ مرد ووٹرز کی تعداد میں50 لاکھ39ہزار 670 ووٹرز کا اضافہ ہوا۔
دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کے 41 اضلاع میں سب سے زیادہ ووٹرز کی تعداد ضلع لاہور کی ہے، لاہور میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 67 لاکھ 24 ہزار 633 ہے، لاہور کی کل آبادی 1کروڑ 20 لاکھ 8 ہزار 387 ہے جن میں مرد ووٹرز 35 لاکھ 78 ہزار725 جبکہ 31لاکھ 45ہزار 908 خواتین ووٹرز ہیں۔
دستاویزات میں مزید بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں سب سے کم ووٹرز ڈسٹرکٹ مری کے ہیں، مری ڈسٹرکٹ میں رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد 2 لاکھ 90 ہزار 931 ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 8 فروری 2024 کو عام انتخابات مذکورہ ووٹرز لسٹوں پر ہی ہونگے، ووٹر لسٹوں میں کوئی ردوبدل نہیں کیا جا سکے گا۔