اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کے لئے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا، اعلامیہ کے مطابق امیدوار فوج، عدلیہ، نظریہ پاکستان اور اداروں کے خلاف بیان بازی نہ کریں۔
ضابطہ اخلاق کے مطابق سرکاری ملازم کسی سیاسی جماعت یا امیدوار کی انتخابی مہم نہیں چلا سکتا، امیدوار انتخابی عمل میں کسی بھی تشدد کو ترغیب دینے سے اجتناب کرے گا، صدر، وزیراعظم، چیئرمین سینیٹ، ڈپٹی چیئرمین اور ضلعی ناظمین انتخابی مہم کاحصہ نہیں بن سکتے۔
یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف سمیت اہم سیاسی رہنماؤں نے کاغذات نامزدگی حاصل کر لیے
کوئی بھی سیاسی جماعت پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر سرکاری خرچے پر تشہیر نہیں کرے گی، سیاسی جماعت کے امیدوار گھر گھر انتخابی مہم چلا سکتے ہیں۔
انتخابی ضابطہ اخلاق کے مطابق سیاسی جماعتیں یا امیدوار جلسے جلوس کا آغاز سے اہتمام تک دورانیہ اور پلان ڈی آر اوز سے شیئر کریں گے، انتخابی مہم میں دوسری جماعت کے امیدوار کے پتلوں اور جھنڈے جلانے کی اجازت نہیں ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں: پرویز الٰہی کتنے حلقوں سے الیکشن لڑیں گے؟ وکیل نے کاغذات پر دستخط کرا لیے
انتخابی مہم میں کار ریلی کی اجازت نہیں ہو گی، سیاسی جماعتیں یا مقامی حکومت میں حمایتی کسی بھی ترقیاتی سکیم کا اعلان نہیں کریں گے، سیاسی جماعتیں یا امیدوار فرقہ ورانہ، صنفی، قومیتی، مذہبی اور ذات پر مبنی جذبات سے اجتناب کریں گے۔
ضابطہ اخلاق کے مطابق دوسری جماعت کے سربراہان اور امیدوار کی نجی زندگی پر تنقید سے اجتناب کریں، سیاسی جماعتیں اور امیدوار انتخابی اہلکار اور سکیورٹی اہلکاروں سے تعاون کے پابند ہوں گے۔