انتخابات میں ن لیگ، ایم کیو ایم اور پی پی کا ٹائی ٹینک ضرور ڈوبے گا: نعیم الرحمان

Published On 20 December,2023 07:28 pm

کراچی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ انتخابات میں نوازلیگ، ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی کا ٹائی ٹینک ضرور ڈوبے گا۔

امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے لیاقت آباد ٹاؤن میں پردہ پارک کے افتتاح پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لیاقت آباد میں طویل عرصے سے تعمیر و ترقی کا کام رکا ہواتھا، زیادہ تر پارک تباہ حال تھے اور سڑکوں پر کچرا موجود تھا، شہرمیں اس وقت مجموعی طور پر پانی کی عدم فراہمی اور سیوریج کے مسائل موجود ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ کے الیکٹرک کے ایم سی کا نادہندہ ہے، پہلے کے الیکٹرک کے ایم سی کے واجبات ادا کرے، ہم قبضہ میئر کی سازش کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ہم نے نگران حکومت سے بھی کہا ہے اختیارات نچلی سطح پر منتقل کئے جائیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ عوام کے ٹیکس کے پیسے عوام پر ہی خرچ کئے جائیں، کراچی میں جو بھی پیراشوٹ کے ذریعے انتخابات میں حصہ لینے کیلئے آئے گا عوام انہیں مسترد کر دیں گے۔