روسی سائنسدانوں نے کینسر کے علاج کیلئے نئی ویکسین تیار کرلی

Published On 08 September,2025 06:16 pm

ماسکو: (دنیا نیوز) روسی سائنسدانوں نے کینسر کے علاج کے لیے ایک نئی ویکسین تیار کرلی ہے جو اب کلینیکل استعمال کے لیے تیار ہے۔

یہ اعلان فیڈرل میڈیکل اینڈ بایولوجیکل ایجنسی (FMBA) کی سربراہ ویرو نیکا اسکورٹسووا نے مشرقی اقتصادی فورم میں کیا، روسی خبر رساں ادارے ’تاس‘ نے اس پیشرفت کی تصدیق کی ہے۔

اس ویکسین کا نام اینٹرومکس (Enteromix) رکھا گیا ہے جو ایم آر این اے (mRNA) ٹیکنالوجی پر مبنی ہے، یہی ٹیکنالوجی کووڈ 19 کی کچھ ویکسینز میں بھی استعمال کی گئی تھی۔

اس طریقۂ علاج میں کمزور وائرس استعمال کرنے کے بجائے جسم کے خلیات کو یہ سکھایا جاتا ہے کہ وہ ایسے پروٹینز پیدا کریں جو مدافعتی نظام کو متحرک کرکے کینسر کے خلیوں کے خلاف ردعمل ظاہر کریں۔

ویکسین پر کئی برسوں تک تحقیق کی گئی، جس میں تین سالہ پری کلینیکل ٹرائلز بھی شامل ہیں، ان تجربات میں ثابت ہوا کہ یہ ویکسین بار بار استعمال کے باوجود محفوظ ہے، بعض کینسر کے کیسز میں ٹیومرز کی افزائش 60 سے 80 فیصد تک کم ہوگئی یا ان کی رفتار سست پڑ گئی۔