مریم نواز کا وزیر صحت کو سیلاب متاثرین کیلئے’ کلینک آن بوٹ ‘ کا ٹاسک تفویض

Published On 03 September,2025 05:11 pm

لاہور:(دنیا نیوز) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیرکو ’کلینک آن بوٹ‘ شروع کرنے کا ٹاسک دے دیا۔

وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت جائزہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا، جس میں صوبہ بھر کے سی ای او ہیلتھ اور ایم ایس نے آن لائن شرکت کی، شرکا نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں محکمہ صحت و آبادی کی امدادی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا۔

اجلاس کے دوران شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ کلینک آن بوٹ پراجیکٹ اگلے 24 سے 48 گھنٹوں میں آپریشنل ہو گا، اِس کے ذریعے اُن اضلاع میں متاثرین کو طبی سہولیات فراہم کرے گی جہاں کلینک آن ویلز کی رسائی ممکن نہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ  مریم نواز شریف کے فلیگ شپ پراجیکٹ کلینک آن ویلز کی افادیت اب سامنے آ  رہی ہے، کلینک آن بوٹ بھی سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں طبی سہولیات کی فراہمی میں گیم چینجر ثابت ہو گا۔

وزیر صحت پنجاب کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں انسداد ڈینگی کے لئے موثر اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ڈینگی سرویلنس میں کوئی کوتاہی نہیں ہونی چاہیے جب کہ فلڈ ریلیف کیمپس میں خواتین کے ہائی جین کے مسائل کے حل کے لئے اقدامات کیے جائیں۔

خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت و آبادی کی تمام سہولیات میں سانپ سے کاٹے کی ویکسین موجود ہونی چاہیے، سانپ سے کاٹے کی ویکسین سمیت کسی بھی دوائی کی کمی فوری رپورٹ ہونی چاہیے، اینٹی ریبیز( کتے کاٹنے کی) ویکسین کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔

اُنہوں نے کہا کہ 63 لاکھ سے زائد افراد موجودہ سپر فلڈ سے متاثر ہوئے ہیں، اِن کی صحت کا خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے،پوسٹ فلڈ صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے تیاری مکمل رکھیں، وبائی و جلدی امراض کی ادویات محکمہ صحت و آبادی کے ہر چھوٹے بڑے ہسپتال میں دستیاب رہنی چاہئیں۔

وزیر صحت پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ کلینک آن ویلز،فیلڈ ہسپتال اور ریلیف کیمپوں میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف 24 گھنٹے موجود ہونا چاہیے، تمام سی ای اوز  ہر ضلع  میں کلینک آن ویلز اور فیلڈ ہسپتال کے لئے فوکل پرسن مقرر کریں۔