جھنگ: (دنیا نیوز) پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں میں پاک فوج اور سول انتظامیہ کا ریسکیو اور ریلیف آپریشن بھرپور انداز میں جاری ہے، متاثرہ علاقوں میں سیکڑوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق کھولڑہ پوائنٹ ، ہسو والی ،بدھوانہ، جھنگ اور ضلع چنیوٹ میں پاک فوج اور سول انتظامیہ دن رات متاثرین کی مدد میں مصروف ہیں۔
پاک فوج کے جوانوں نے کشتیوں کے ذریعے متعدد خاندانوں کو سیلابی پانی سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا، بزرگ، خواتین اور بچے بڑی تعداد میں ریسکیو کئے گئے، جبکہ مال مویشیوں کو بھی محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔
پاک فوج نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی کیمپس قائم کر دیئے، جہاں سے متاثرین کو کپڑے، راشن اور ادویات کی فراہمی کا سلسلہ بلا تعطل جاری ہے، سیلاب متاثرین کیلئے ان علاقوں میں فری میڈیکل کیمپس بھی قائم کئے گئے ہیں، جن میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف، سیلاب متاثرہ علاقوں میں فری میڈیکل کیمپس میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔
ریسکیو اور ریلیف آپریشن اس وقت بھی جاری ہے اور متعلقہ ادارے کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کیلئے مکمل الرٹ ہیں۔
متاثرین نے پاک فوج کے بروقت اور انسانی ہمدردی پر مبنی کردار کو بے حد سراہا ہے اور ان کی کوششوں کو زندگی بچانے والی امداد قرار دیا ہے۔