لاہور: (دنیا نیوز) بھارت کی جانب سے پھر پانی چھوڑے جانے پر دریائے چناب میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہوگیا، پیر محل میں ہیڈ سدھنائی کو بچانے کیلئے دریائے راوی کا حفاظتی بند توڑ دیا گیا۔
مائی صفوراں بند کو 2 مقامات سے بارودی مواد سے اڑا دیا گیا، ہیڈ سدھنائی پر پانی کی سطح ایک لاکھ 73ہزار کیوسک ریکارڈ کی گئی، خانیوال میں 25 سے زائد دیہاتوں میں پانی داخل ہوگیا، دریائے ستلج میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوگیا۔
ہیڈ گنڈا سنگھ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2لاکھ69 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا، بہاولنگرمیں ماڑی میاں صاحب کے قریب بند ٹوٹنے سے پانی آبادی اور فصلوں میں داخل ہوگیا، ہیڈ تریموں پر اونچے درجے کا سیلاب آگیا، پانی کا بہاؤ 3لاکھ99 ہزار کیوسک ہو گیا۔
ملتان کی حدود سے 8 لاکھ کیوسک پانی کا ریلا آج گزرے گا، ملتان اور گردونواح سے 4 لاکھ افراد محفوظ مقامات پر منتقل کر دیئے گئے، ہیڈ سلیمانکی پر پانی کا بہاؤ1 لاکھ 24 ہزار کیوسک ہو گیا، راوی میں بلوکی پر پانی کا بہاؤ1لاکھ 25 ہزار کیوسک تک جا پہنچا۔
دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوگیا، ہیڈ مرالہ پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 39 ہزار کیوسک سے بڑھ گیا، خانکی بیراج پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 66 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا، ہیڈ قادر آباد پر پانی کا بہاؤ1 لاکھ 28 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔