یورپی یونین کا پاکستان کے سیلاب زدگان کیلئے غیرملکی امداد کا اعلان

Published On 02 September,2025 07:01 pm

برسلز: (دنیا نیوز) یورپی یونین کی جانب سے پاکستان کے سیلاب زدگان کیلئے غیرملکی امداد کا اعلان کیا گیا۔

یورپی یونین کے مطابق سیلاب متاثرین کو 350 ملین روپے امداد فراہم کی جا رہی ہے، سیلاب متاثرین کو امداد بااعتماد این جی اوز کے ذریعے دی جائے گی۔

رقم جان بچانے والی ادویات پانی، نکاسی کے منصوبوں پر خرچ کی جاسکے گی، متاثرین کو بنیادی اشیاء کی خریداری کیلئے نقد رقم بھی دی جائے گی۔

واضح رہے کہ این ڈی ایم اے کے مطابق ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب کے باعث اب تک 881 افراد جاں بحق اور 1176 زخمی ہوئے جن میں سے پنجاب میں 223 افراد جاں بحق اور 648 زخمی ہوئے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق خیبر پختونخوا میں بارشوں سے48 افراد جاں بحق، 359 زخمی ہوئے، سندھ میں 58 افراد جاں بحق، 78 زخمی ہوئے ہیں جب کہ بلوچستان میں اب تک بارشوں سے 26 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوئے ہیں۔