پنجاب ڈرگ کنٹرول ونگ کی کارروائی، جعلی ادویات کی کھیپ ضبط

Published On 04 September,2025 10:10 am

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب ڈرگ کنٹرول ونگ نے ملتان روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی ادویات کی کھیپ ضبط کر لی۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر اور سیکرٹری صحت نادیہ ثاقب کی ہدایت پر پنجاب ڈرگ کنٹرول ونگ نے حبیب پارک ملتان روڈ پر بی ایس ڈسٹری بیوشن پر چھاپہ مار کر جعلی، غیر رجسٹرڈ اور سمگل شدہ ادویات کی بڑی مقدار قبضے میں لے لی۔

چیف ڈرگ کنٹرولر پنجاب کے مطابق ضبط کی گئی ادویات کی مالیت تقریباً 3 لاکھ روپے سے زائد ہے جن میں جان بچانے والے جعلی اینٹی ڈی انجکشن بھی شامل ہیں جو مختلف ہسپتالوں اور فارمیسیز کو سپلائی کئے جا رہے تھے۔

اس کارروائی کا مقصد عوام کو غیر معیاری اور جعلی ادویات سے بچانا اور صحت کے نظام کو محفوظ بنانا ہے، ڈرگ کنٹرول ونگ کی ٹیم اس سلسلے میں مزید کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ غیر قانونی ادویات کی رسد کو روکا جا سکے۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے اس کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کی صحت اور جان کی حفاظت ہماری اولین ذمہ داری ہے اور جعلی ادویات کی روک تھام کے لئے حکومت بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔