کراچی :(دنیا نیوز) ملک کے مختلف اضلاع میں ڈینگی نے ڈنک تیز کرلیا۔
محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں 13 کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ دیہی علاقوں میں 24 گھنٹوں کے دوران 12 نئے مریض سامنے آئے، شہری علاقوں میں صرف 1 نیا کیس رپورٹ ہوا۔
دیہی علاقوں میں ڈینگی مریضوں کی مجموعی تعداد 160 تک پہنچ گئی اور شہری علاقوں میں ڈینگی مریضوں کی تعداد 29 ہو گئی، اسی طرح اسلام آباد میں ڈینگی کے کل مریضوں کی تعداد 189 ہے۔
دوسری جانب سندھ میں رواں سال ڈینگی کے 448 کیسزرپورٹ ہوئے، سب سے زیادہ کیسز کراچی ڈویژن میں سامنے آئے جن کی تعداد 384 ہے۔
محکمہ صحت کے اعداد وشمار کے مطابق کراچی میں اگست کے مہینے میں اب تک 74 ڈینگی کیسز کی تصدیق ہوئی، کراچی میں سب سے زیادہ کیسز ضلع شرقی 96، ضلع وسطی 88، اور ضلع جنوبی میں 75 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ رواں سال کراچی ڈویژن میں ڈینگی سے اب تک ایک موت کی تصدیق ہوئی ہے۔