ملک میں ادویات کی قلت پیدا ہو گئی ، پی ایم اے نے خبردار کردیا

Published On 30 August,2025 06:36 pm

لاہور:(دنیا نیوز) پی ایم اے نے کہا ہے کہ ملک بھر میں جان بچانے والی ادویات کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے جب کہ پاکستان ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) مؤثر دواؤں کی فراہمی یقینی بنانے میں ناکام رہی ہے۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) نے خبردار کیا ہے کہ انسولین سمیت کم از کم 80 اہم ادویات دستیاب نہیں ہیں، جن میں سے 25 کی کوئی متبادل دوا بھی موجود نہیں۔

پی ایم اے کا کہنا ہے کہ ان ادویات کی کمی ذیابیطس، کینسر، امراضِ قلب، الزائمر، پارکنسن اور نفسیاتی بیماریوں سمیت کئی مہلک امراض کے مریضوں کی زندگیوں کو شدید خطرات سے دوچار کر رہی ہے، یہ بحران لاکھوں مریضوں کے لیے جان لیوا صورت حال اختیار کر گیا ہے۔

عہدیداروں نے کہا کہ طویل اثر رکھنے والی انسولین کی عدم دستیابی ذیابیطس کے مریضوں میں خون میں شوگر کنٹرول نہ ہونے کا سبب بن رہی ہے جس سے گردوں کے فیل ہونے، بینائی کے نقصان اور اعضا کٹنے جیسے خطرات بڑھ گئے ہیں، اسی طرح پیوند کاری کے مریض ایک اہم اینٹی فنگل دوا کی قلت کے باعث خطرناک انفیکشن میں مبتلا ہو رہے ہیں۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے حکومت سے فوری اور فیصلہ کن اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈریپ کو اپنی بے عملی اور دور اندیشی کی کمی پر جواب دہ بنایا جائے۔