لاہور: (دنیا نیوز) دریائے راوی، ستلج اور چناب میں طغیانی کی صورتحال، پنجاب پولیس کا ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری رہا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق 15 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں، پنجاب پولیس کی بہادر خواتین افسران اور اہلکار بھی سیلاب متاثرین کے انخلا، امدادی سرگرمیوں میں شانہ بشانہ ہیں۔
پولیس ترجمان کا کہنا تھاکہ سینئر خواتین پولیس افسران و اہلکار سیلاب متاثرین، ساز و سامان، مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کر رہی ہیں، پنجاب پولیس نے اب تک مجموعی طور پر 90ہزار 700 سے زائد سیلاب متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ پنجاب پولیس کے جوانوں نے38 ہزار 130 مردوں، 27 ہزار 418 خواتین اور 25 ہزار 176 بچوں کو محفوظ مقامات تک پہنچایا، پنجاب پولیس نے سیلاب زدہ علاقوں میں پھنسے 82 ہزار 200 سو سے زائد مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق لاہور میں اب تک 5000 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے، سیلاب متاثرین کی محفوظ مقامات پر منتقلی کیلئے پنجاب پولیس کی 700 سے زائد گاڑیاں، 40 کشتیاں زیر استعمال ہیں، آئی جی پنجاب نے سیلاب زدہ علاقوں سے متاثرہ افراد کا انخلا، ریسکیو اینڈ ریلیف سرگرمیاں مزید تیز کرنے کا حکم دیا۔
آئی جی پنجاب نے حکم دیا کہ فلڈ ریلیف کیمپوں میں پناہ گزین متاثرہ افراد کو بھرپور سکیورٹی، خوراک، ضروریات زندگی کی فراہمی یقینی بنائیں، پی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو، سکیورٹی اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں، دریاؤں کے کنارے آباد دیہاتوں، آبادیوں میں پولیس کی پٹرولنگ بڑھا دی جائے۔