سیلابی ریلا 3 ستمبر تک پنجند پہنچے گا، ادارے الرٹ رہیں: وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت

Published On 30 August,2025 01:03 am

کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سیلابی ریلا 3 ستمبر تک پنجند پہنچے گا، گڈو پہنچنے میں مزید 2 دن لگ سکتے ہیں۔

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ گڈو بیراج پر بدھ اور جمعرات کی رات 7 سے 8 لاکھ کیوسک پانی پہنچنے کا امکان ہے، انتظامیہ الرٹ رہے اور سیلابی صورتحال کیلئے ریسکیو کی تیاری رکھے، سیلابی ریلا آنے کی صورت میں انسانوں اور جانوروں کو کسی صورت نقصان نہیں ہونا چاہئے۔

مراد علی شاہ کی زیر صدارت فلڈ ایمرجنسی اجلاس ہوا، سکھر سے دادو تک بوٹس کے ساتھ ریسکیو عملہ تعینات کرنے کی ہدایت کردی گئی، حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سیلابی صورتحال کے باعث 52 ہزار سے زائد خاندان متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

دریائے سندھ میں سکھر کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، سکھر بیر اج میں پانی کی آمد 2 لاکھ 84 ہزار 970 کیوسک ریکارڈ کی گئی۔