اسلام آباد:(دنیا نیوز) ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 30 لاکھ ڈالر ہنگامی امداد کا اعلان کر دیا۔
ذرائع کے مطابق اے ڈی بی کے صدر ماسا تو کانڈا نے لاہور میں دریائے راوی کا دورہ کیا اور فلڈ ریلیف کیلئے 30 لاکھ ڈالر کی ایمرجنسی گرانٹ دینے کا فیصلہ بھی کیا، انہوں نے لاہور میں دریائے راوی کے دورے کے موقع پر پاکستان میں شدید بارشوں اور سیلاب سے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔
دوسری جانب ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فنڈز متاثرہ خاندانوں اور کمیونٹیز کی فوری بحالی کیلئے فراہم ہوں گے، ماساتو کانڈا نے وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کی ہے ، ملاقات میں سرمایہ کاری اوراصلاحات پر بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں پاکستان کو معدنیات کے عالمی سپلائر کے طور پر اہم کردار ادا کرنے پر زور دیا گیا جبکہ ریکوڈک منصوبے کیلئے 410 ملین ڈالر فنانسنگ پیکیج کی حالیہ منظوری کا تذکرہ بھی ہوا ۔
صدراے ڈی بی نے بی آئی ایس پی سنٹر اور پائیدار ایوی ایشن فیول فیکٹری کا دورہ بھی کیا، اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کی اور ترقیاتی ایجنڈے پر گفتگو کی گئی ۔