مقبوضہ کشمیر میں تباہ کن بارشیں، اموات کی تعداد 110 تک جا پہنچی

Published On 29 August,2025 02:23 pm

سرینگر: (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں ایک ہفتے سے جاری مسلسل بارشوں نے تباہی مچادی، فلیش فلڈز، لینڈ سلائیڈنگ اور کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں اب تک 110 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ ہزاروں افراد اپنے گھروں سے محروم ہوگئے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ وادی کے علاقوں جموں، سانبہ، ریاسی، ڈوڈہ اور کشتواڑ اضلاع میں دریاؤں اور نالوں کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی، اب تک 12 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے جبکہ کم از کم 50 دیہات کا رابطہ منقطع ہے، تعلیمی ادارے بھی 31 اگست تک بند کردیے گئے۔

گزشتہ روز جموں میں 4 مزید افراد فلیش فلڈز کی نذر ہو گئے، ضلع میں لینڈ سلائیڈنگ سب سے بڑی تباہی ثابت ہوئی، جہاں ملبے تلے دب کر 34 افراد ہلاک ہوگئے، کم از کم 20 زخمی اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں جبکہ ریسکیو ٹیمیں ملبہ ہٹانے میں مصروف ہیں۔

سیلاب نے ٹرانسپورٹ اور مواصلاتی نظام کو بھی مفلوج کردیا، درجنوں سڑکیں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہو گئیں جبکہ 58 ٹرینیں منسوخ کرنا پڑیں۔

ادھر بھارت کی ریاست اتراکھنڈ میں شدید بارش اور کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں تباہی مچ گئی، واقعے میں متعدد خاندان ملبے تلے دب گئے جبکہ کئی افراد زخمی ہو گئے، ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، تاہم مسلسل بارش کے باعث مشکلات بڑھ گئی ہیں۔

محکمہ موسمیات نے اتراکھنڈ کے مختلف علاقوں کے لیے شدید بارش کا الرٹ جاری کردیا۔